الیکشن کمیشن نے پی ڈی ایم کی تنقید کو مسترد کردیا

الیکشن کمیشن نے پی ڈی ایم کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی اور قانونی ذمہ داری سے اچھی طرح آگاہ ہیں , بغیر دبائو کے اپنی ذمہ داریاں پوری کررہے ہیں اور فارن فنڈنگ کیس جلد منطقی انجام تک پہنچے گا۔ پی ڈی ایم کے احتجاج پر الیکشن کمیشن نے اپنے جاری ردعمل میں کہا کہ کسی قسم کا کوئی دبائو نہیں, دبائو کے بغیر اپنی ذمہ داریاں پوری کررہے ہیں،کورونا ,وکلاء کی مصروفیات اورکمیٹی ممبر کی ریٹائرمنٹ کے باوجود پیشرفت ہوئی۔ اسکروٹنی کمیٹی کو ہفتے میں 3روز اجلاس کی ہدایت ہے یہ کیس جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ فارنگ فنڈنگ کیس پر خاطرخواہ پیشرفت کی ہے اس کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ عام انتخابات، سینیٹ انتخابات، بلدیاتی اور ضمنی انتخابات کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔