میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس , لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام جاری صفائی مہم پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا
لاہور (کامرس رپورٹر ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ہیڈآفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام جاری صفائی مہم پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ایم ڈی ایل ڈبلیوایم سی عمران علی نے صفائی مہم پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناکافی مشینری اور محدود وسائل کے ساتھ کچرے کا بیک لاگ اٹھا لیا گیا ہے اور روزانہ پیدا ہونے والا کچرا اٹھانے کے لئے ایل ڈبلیوایم سی کے 9ہزار سے زائد ورکرز فیلڈ میں متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کا ایسانظام لائیں گے کہ حکومت پر بوجھ کم پڑے۔لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں اصلاحات کے ذریعے اسے بہتر ادارہ بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے، اسے عالمی معیار کے مطابق صاف ستھرا شہر بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمران شہر کی بجائے اپنی جیب سے مخلص تھے۔اس لئے ان سابق حکمرانوں نے صفائی کے نام پر قومی وسائل پر ہاتھ صاف کئے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر شہر کو صاف ستھرا بنا نے کا بیڑا اٹھایا ہے۔شہر کو کوڑا کرکٹ سے پاک کرکے صاف ستھرا بنانے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور آئندہ چند روز میں لاہور صفائی کے لحاظ سے بدلہ ہوا شہر نظر آئے گا۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ جزا اور سزا کے موثر نظام سے صورتحال کو بہتر کیا جاسکتا ہے۔صفائی مہم میں اچھی کارکردگی پر حوصلہ افزائی جبکہ ناقص کارکردگی پر بازپرس ہوگی۔چیئرمین ایل ڈبلیوایم امجد علی نون، ایم ڈی، جی ایم آپریشنز اور دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔