بنگال ٹائیگر کی کار سواروں کو کار سمیت جنگل میں لے جانے کی کوشش
بنگلور کے بینر گھٹا نیشنل پارک میں سیر و تفریح کے لیے آنے والوں کو اس وقت دہشت ناک لمحوں کا سامنا کرنا پڑا جب ایک بڑی جسامت کے بنگال ٹائیگر نے ان کی گاڑی کے بمپر کو اپنے مضبوط دانتوں میں پکڑ کر گاڑی کو کھینچنا شروع کر دیا۔گاڑی میں چار افراد بیٹھے ہوئے تھے جو بنگال ٹائیگر کو اپنے قریب چہل قدمی دیکھتے ہوئے محظوظ ہو رہے تھے، لیکن پھر وہ ہوا جس نے ان کی چیخیں نکال دیں، ٹائیگر نے گاڑی کو بمپر سے پکڑ کر کھینچنا شروع کر دیا۔ٹائیگر نے گاڑی کے بمپر کو پھاڑنے کی کوشش کی اور اپنے مضبوط جبڑوں میں پکڑ کر 1.8 ٹن کی گاڑی کو پیچھے کھینچ لیا، یہ دیکھ کر گاڑی کے اندر بیٹھے چار افراد خوف سے چیخنے لگے۔اس واقعے کی ناقابل یقین فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹائیگر اتنی بھاری گاڑی کو گھسیٹ رہا ہے، اور اس سے قبل اس نے بمپر میں دانت گاڑ کر اسے چیرنے کی کوشش کی تھی، اور وہ اپنی جگہ سے اکھڑ گیا تھا۔آس پاس کی گاڑیوں میں بیٹھے افراد نے اس حیرت انگیز منظر کو بہت دلچسپی سے دیکھا تاہم اس موقع پر گاڑی کے ڈرائیور نے عقل مندی دکھائی اور گاڑی کو بھگا کر لے جانے کی کوشش نہیں کی، ورنہ ٹائیگر زخمی بھی ہو سکتا تھا۔