وفاقی وزیر مذہبی امور کا حج مہنگا ہونے کا عندیہ
وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کی طرف سے حج مزید مہنگا ہونے کا عندیہ۔ روپے کی قیمت میں کمی اور سعودی عرب کی طرف سے مزید ٹیکس لگنے کے باعث اخراجات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ تقریب سے خطاب
حج ایک اہم ترین بنیادی مذہبی فریضہ ہے۔ ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ زندگی میں ایک بار حج کی سعادت ضرورحاصل کرے۔ حکومت کی طرف سے حج کو سستا کرنے کے اعلانات ہونے کی وجہ سے عوام الناس کی توقع تھی کہ حکومت آئندہ برس حج کے اخراجات میں کمی لاتے ہوئے حج پیکج سستا کرے گی۔ مگر گزشتہ روز وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کی طرف سے یہ عندیہ دیا گیا کہ آئندہ حج مزید مہنگا ہو گا ‘ اس سے عوام الناس کی امیدوں پر اوس پڑ گئی ہے۔ اس ماحول میں جب گرانی کی لہر نے زندگی کے ہر شعبہ کو متاثر کیا ہے۔ حکومت کی طرف سے حج کے اخراجات میں بھی اضافہ سے اسلامیان پاکستان کیلئے مزید مشکلات پیدا ہوں گی۔ روپے کی قدر میں کمی اور سعودی عرب کی طرف سے حاجیوں پر مختلف نئے ٹیکسوں کے نفاذ کو اسکا سبب قرار دیا جا رہا ہے جس سے عہدہ برأ ہونے کیلئے حج پیکیج میں دی جانیوالی سبسڈی بحال کرکے عازمین حج کو ریلیف دیا جاسکتا ہے۔۔ حکومت کی طرف سے اس مذہبی فریضے کی ادائیگی کو آسان بنانے کے لئے اقدامات ضروری ہیں تاکہ عوام کے مذہبی جذبات مجروح نہ ہوں اور اس سلسلے میں مختلف قسم کی بے سروپا افواہوں کا بھی خاتمہ ہو۔