ہنر مندافرادی قوت کیلئے صنعتوں اور ٹیوٹا کے مابین روابط ضرورت ہیں:کاشف اشفاق
لاہور( کامرس رپورٹر ) فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی (فیڈمک) اور ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) نے فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ اور صنعتوں، خاص طور پر سی پیک کے تحت قائم ہونیوالے فیڈمک کے سپیشل اکنامک زون کیلئے ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کیلئے مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ہفتہ کو فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق اور ٹیوٹا کے چیئرمین علی سلمان صدیق کے مابین ملاقات ہوئی جس میں فیڈمک کے چیف آپریٹنگ آفیسر عامر سلیمی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ صنعتوں اور ٹیوٹا کے مابین قریبی روابط کی ضرورت ہے تاکہ صنعتوں کی ضرورت کی مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کیلئے جدید تقاضون کے مطابق تربیتی پروگرام تیار کئے جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیڈمک خصوصی اقتصادی زون میں ایک ٹیکنیکل یونیورسٹی بھی قائم کرے گا جس کیلئے فوجی فاؤنڈیشن اور چین کی تیان جن یونیورسٹی کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط ہوچکے ہیں جبکہ ٹیوٹا کے تعاون سے جلد ہی چار مختلف کورسز شروع کیے جارہے ہیں۔