کلر سیداں اور گردونواح میں شادی آرڈیننس کی خلاف ورزیاں عروج پر
کلر سیداں (نامہ نگار)کلر سیداں اور گردونواح میں شادی آرڈیننس کی خلاف ورزیاں عروج پر پہنچ گئیں۔رسم حناء کے موقع پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی نے علاقہ کے مکینوں کا سکون غارت کر کے رکھ دیا ہے جو کسی بھی کسی ناخوشگوار واقعہ کا سبب بن سکتا ہے۔حکومت پنجاب کی جانب سے شادی آرڈننس کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی ہدایت ہے مگر اس کے باوجود کلر سیداں اور گردونواح میں رسم حناء کی تقاریب میں کھلے عام ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مقامی انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ دریں اثناء ولیمے کی تقاریب میں بھی جہاں سینکڑوں مہمانوں کی ایک سے زائد ڈشوں سے تواضع کی جاتی ہے وہاں مقامی پولیس سمیت حکومتی نمائندے شادی آرڈننس کی کھلم کھلا دھجیاں بکھیرتے نظر آتے ہیں۔مذہبی اور سنجیدہ حلقوں نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈی سی او راولپنڈی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔