کوئی بچہ بھیک مانگتا دکھائی نہ دے یہ حکیم سعید کا خواب تھا:مہتاب اکبر راشدی
کراچی (نیوزرپورٹر) معروف دانشور، ماہر تعلیم اور سماجی رہنما مہتاب اکبر راشدی نے کہا ہے کہ شہید حکیم محمدسعید ایسا پاکستان چاہتے تھے جہاں کوئی بچہ بھیک مانگتا ہوا دکھائی نہ دے، ان کی یہ خواہش نئی نسل کو پورا کرنا ہے، جس کے لیے وہ حصول تعلیم، علم و آگہی اور تحقیق و جستجو کے لیے بہت سے مواقع پیدا کرگئے ۔ وہ ’’شہید حکیم محمد سعید کی 99 ویں سالگرہ ، بچوں کے قومی دن ‘‘کے حوالے سے منعقدہ ہمدرد نونہال اسمبلی کراچی کی تقریب سے ’’انسان کی عظمت، خدمت میں پنہاں ہے(قول سعید)‘‘ کے موضوع پر بیت الحکمہ آڈیٹوریم، مدینتہ الحکمہ، کراچی میں خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکیم صاحب فرماتے تھے کہ سائنسی تحقیقات کے تمام مراکز مسلمانوں کے پاس تھے، مسلمان سائنسدانوں کی تحقیقات سے پورے یورپ نے استفادہ کیا لہٰذا نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال محض سیلفی بنانے یا پیغامات دینے کے لیے نہ کریں بلکہ علم و معلومات حاصل کرنے اور ریسرچ کرنے کے لیے کریں جس پر حکیم صاحب بہت زور دیتے تھے، سعدیہ راشد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن حکیم میں حقوق اللہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ جس بات کی سب سے زیادہ تاکید کی گئی وہ مخلوق خدا کی خدمت ہے۔ شہید حکیم محمدسعید فرماتے تھے :’’ آج سے آپ طے کر لیں کہ روزانہ کم از کم ایک اچھا کام کریں گے اور سب سے اچھا کام وہ ہے جو دوسروں کی بھلائی کے لیے کیا جائے‘‘۔ تقریب سے نونہال مقررین حمنہ شکیل، عثمان راشد، فرحانہ رحیم، مناہل ندیم، فاطمہ خالد، سیدہ عائزہ محمود اور محمد ذیشان چوہان نے بھی خطاب کیا۔