وزیر تعلیم 174نان ٹیچنگ ملازمین کی آئی ڈیز کی بندش پر برہم
کراچی(نیوز رپورٹر) وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے 174نان ٹیچنگ ملازمین کی آئی ڈیز تاحال بند ہونے پر آئی ٹی سیکشن کے شاہد ابڑو پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے پوچھ گچھ کی اور سیکریٹری کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فوراً ایکشن لیں اور بند آئی ڈیز کھلواکر مجھے رپورٹ کریں۔وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے سندھ سیکریٹریٹ تغلق ہاؤس کا اچانک دورہ کیا تو انھوں نے کوریڈور میں پبلک کا رش اور دفاتر میں صفائی نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے افسران کی سرزنش کی۔تغلق ہائوس میں سردار شاہ نے محکمے کے تمام دفاتر کا اچانک دورہ کیا اور افسران اور عملے کی حاضری بھی چیک کی۔ اس موقع پر سیکریٹری تعلیم و خواندگی قاضی شاہد پرویز و دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ وزیر تعلیم نے صوبائی محکمہ تعلیم کے دفتر کے دورہ کے دوران سیکریٹری قاضی شاہد پرویز سے محکمہ کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ لی اور انہیں سرکاری آفیسوں میں غیرحاضر اور لاپرواہ عملے کے خلاف سخت ایکشن اٹھانے کی ہدایت کی۔ وزیر تعلیم نے لوگوں کے مسائل خود سنے ان کی درخواستوں پر کھڑے کھڑے احکامات لکھتے رہے اور دستخط کرتے رہے جس پر وہاں موجود پریشان سائلین و درخواست گذاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔وزیر تعلیم سردار شاہ نے عوامی شکایات پر افسران کو ڈانٹتے ہوئے لوگوں کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کے احکامات صادر کیے۔ لوگوں نے وزیر تعلیم کو اپنے بیچ پاکر انکے ساتھ سیلفیاں نکلوائیں اور انکے اس طرح عوامی اسٹائل میں کام کرنے کی تعریف کی۔ وزیر تعلیم سردار شاہ نے آئی ٹی، فنانشل اسسٹنٹس، جی ٹو، تھری فور سمیت تمام سیکشنز کا معائنہ کیا اور فوتی کوٹہ کے سیکشن افسر کی کارکردگی پر انھیں شاباس دی۔انھوں نے افسران کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ فوت ہونے والے ملازمین کے ورثاء کو کیوں رلایا جارہا ہے، سردار شاہ اس موقع پر سیکریٹری کو ہدایت کرتے ہوئے کہا فوتی ملازمین کی بیواہوں کی فنانشل اسسٹنٹس کے مقدمات کا بیک لاگ فوری طور پر حل کیا جائے۔