تحریک لبیک کے خلاف م کرپٹ جماعتیں ایک پیج پر ہیں، رضی حسینی
کراچی (نیوزرپورٹر) امیرکراچی تحریک لبیک پاکستان علامہ رضی حسینی نقشبندی نے کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے خلاف کریک ڈاؤن میں حکومت اور اپوزیشن کی تمام پارٹیوں کی ملی بھگت سے ہوا ہے۔ تحریک لبیک کے خلاف تمام کی تمام لبرل پارٹیاں اور منافق مذہبی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔ کیوں کہ سب جانتے ہیں کہ تحریک لبیک اقتدار میں آکر سارے چوروں کی ایک ساتھ چھترول کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے مشیر سیٹھ عبدالرزاق داؤد کو 309 ارب روپے کا مہمند ڈیم کا ٹھیکہ دے دیا، ایک بندہ جو حکومت کا مشیر بھی ہے اور بلامقابلہ 309 ارب روپے کے ٹھیکے بھی حاصل کررہا ہے، یہ مفادات کا ٹکراؤ ہے۔ پہلے حکومت چوری چھپے کرپشن کیا کرتی تھی لیکن اب دن دہاڑے 309 ارب کا ڈاکا مارا جارہا ہے۔ تحریک لبیک اس اقرباپروری کو ختم کرنے کے لیے میدانِ سیاست میں آئی ہے۔ علامہ رضی حسینی نے مزید کہا کہ شیخ الحدیث علامہ خادم حسین رضوی کو فوری رہا کیا جائے اور شہیدِ ناموسِ رسالت ﷺمفتی یوسف سلطانی شہید کے قاتلوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ تحریک لبیک پاکستان کے خلاف کریک ڈاؤن اور تحریک لبیک پاکستان سے متعلق مثبت خبروں کا میڈیا بلیک آؤٹ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ علامہ رضی حسینی نے کارکنان کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ تمام کارکنان بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں، تمام ذمہ داران خود جاکر اپنے ماتحت ذمہ داران اور کارکنان سے ملاقاتیں کریں۔ تحریک لبیک پاکستان کے تمام ذمہ داران بلدیاتی انتخابات کے لیے ابھی سے تیاریاں شروع کردیں۔ کسی بھی مشکل حالت میں معمول کے تنظیمی کاموں کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔