ملک بھر میں21جنوری سے پولیومہم شروع کرنے کا فیصلہ
لاہور(نیوزرپورٹر)ملک بھرمیں انسداد پولیو مہم 21 سے 25 جنوری تک چلائی جا رہی ہے۔ مہم کے دوران پنجاب کے تمام اضلاع، تحصیلوں اور یونین کونسلوںکی سطح پر پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ صوبہ بھر میں48ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ہر یونین کونسل میں گھر گھر جا کر پولیو سے بچائو کے قطرے بچوں کو پلائیں گی۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ا ضلاع کوہدایات جاری کی ہیںکہ اس مہم کو مکمل تیاری کے ساتھ کامیاب بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیمیں ہر بچے تک پہنچیں۔ انھوں نے کہا پولیو ویکسین اب تک بننے والی ہر ویکسین سے زیادہ محفوظ ہے اور بچوں کو موثر تحفظ فراہم کرتی ہے اس لئے والدین کوبلا خوف و خطر اپنے بچوں کو ویکسین پلانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور لاہور کے ماحولیاتی نمونوں میں مسلسل وائرس کی موجودگی کی وجہ سے اس مہم میں ان دونوں ضلعوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی اورجنوبی پنجاب کے علاقے جہاں بڑی تعداد میں دیگر صوبوں سے عارضی طور پر آنے والے بستے ہیں وہاںسخت مانیٹرنگ کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر بچے کوپولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گی اور سال رواںمیں اس مرض کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اور کو آرڈی نیٹر ایمرجنسی آپریشن سنٹر برائے انسداد پولیو ڈاکٹر منیر احمد نے کہا گزشتہ مہمات میں رہ جانے والے بچوں اور علاقوں پر خاص توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ہربچے کو پولیو کا خطرہ موجود ہے مگر پولیو زیادہ تر پانچ سال سے کم عمرایسے بچوں کو متاثر کرتا ہے جنہیں پولیو سے بچائو کے قطرے نہ پلائے گئے ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھرمیں اس مہم میں تقریباً ایک کروڑ 91لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا پنجاب میں یہ اس سال کی پہلی قومی مہم ہے۔