حکمران مدارس کی رجسٹریشن کی فکر چھوڑکر عوام کو سہولتیں فراہم کرنے پر توجہ دیں
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماء صاحبزادہ پیر عبدالشکور نقشبندی ، قاری سجاد احمد ، مولانا عمر فاروق نقشبندی اور ظہیرالہاشمی نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے متحد ہوکر پاکستان کے عوام کا اچھا پیغام دیا ہے اس وقت یونین کونسل سے لے کر ملک میں کہیں بھی ترقیاتی کام نہیں ہورہے آج حکمران ناکام ہیں حکمران مدارس کی رجسٹریشن کی فکر چھوڑیں عوام کو سہولتیں فراہم کرنے پر توجہ دیں ہم نے حکمرانوں کو ہمیشہ اچھے اقدام پر سراہا اور غلط کاموں پر متنبہ کیا ہے ایوان وقت میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 27 جنوری کو ڈیرہ اسمعٰیل خان میں ختم نبوتﷺ ملین مارچ منعقد ہوگا جس میں حکمرانوں کو پیغام دیا جائے گاپاکستان میں دینی مدارس ، مساجد اور خانقاہیں الام کے قلعے ہیں دینی مدارس میں لاکھوں طلبہ تعلیم حاصل کرتے ہیں اور وہ اسلامی افکار و اقدار کا تحفظ کر رہے ہیں دینی مدارس میں امن و آشتی ، محبت ، رواداری کے فروغ و ترویج میں بنیادی کردار ہے ہمارے ہاں ہر نئی آنے والی حکومت دینی مدارس پر پابندیوں میں لگ جاتی ہیں جبکہ انہیں قوم سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے عوام کو روزگار ، فوری انصاف اور یکساں ترقی کے مواقع دینا حکومت کے پہلے کام ہیں ریاست مدینہ بنانے کیلئے ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کیا جائے غیر اسلامی قوانین ختم ہونے چاہئیں اس وقت ملک میں مہنگائی ، اور افراتفری کا سلسلہ ختم کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے تبدیلی کا نعرہ دینے والوں کو فوری ادراک کرنا چاہئے حکومتی نمائندوں کو تعمیر ترقی میں اپنا کردار نمایاں طور پر ادا کرنا چاہئے اخلاقی حدود و قیود کا احترام یقینی بنانے کیلئے بھی حکومت کو اقدامات کرنے چاہئیں انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی عمرہ کی ادائیگی کی جس میں اللہ کے گھر اور پیارے نبی ﷺ کے در پر ادارہ نوائے وقت کی ترقی کیلئے خصوصی دعا کی کیونکہ ملک و ملت کیلئے نوائے وقت کا کردار ہمیشہ سے بہت نمایاں رہا ہے ۔