سی پیک منصوبوں پر کام تیز کیا جائے‘ عمران: ایڈوائزری کونسل بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں سی پیک بزنس ایڈوائزری کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سے خصوصی اقتصادی زونز کے جلد تعمیر کیلئے سفارشات ایک ماہ میں طلب کر تے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں پر کام تیز کیا جائے۔ جمعہ کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سی پیک منصوبوں کی پیش رفت پر غور کیلئے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صنعتی تعاون، خصوصی اقتصادی زونز، ریلوے کی مین لائن ایک، زرعی ترقی، انفراسٹرکچر ترقی، گوادر کے منصوبوں اور سماجی اور معاشی ترقی پر پاک چین تعاون پر غور کیا گیا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سی پیک منصوبوں پر کام تیز کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا سی پیک منصوبوں کی جلد تعمیر سے سماجی اور معاشی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اجلاس کے دور ان وزیراعظم نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سے خصوصی اقتصادی زونز کی جلد تعمیر کیلئے سفارشات ایک ماہ میں طلب کر لیں۔ عمران خان نے کہا کہ لوگوں کو غربت سے نکالنے کے چین کے کامیاب پروگرام سے پاکستان بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ اجلاس کے دور ان سی پیک بزنس ایڈوائزری کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی قبل از وقت تکمیل سے عوام کو وسیع معاشی مواقع ملیں گے۔ اجلاس میں سی پیک منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ منصوبے کے تحت صنعتی زون، زرعی، سماجی و اقتصادی ترقی پر بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعظم کو انفراسٹرکچر، گوادر کی ترقی سے متعلق بھی بتایا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک چین تعاون سے زرعی و صنعتی شعبوں کو ترقی ملے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے عوامی شکایات پر عمل درآمد سے متعلق صوبوں کو احکامات جاری کر دیئے۔ وزیراعظم کے سیکرٹری اعظم خان نے صوبوں کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں وزیراعظم کی جانب سے شہریوں کے مسائل حل کرنے کو سنجیدگی سے لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو شکایات کے سلسلے میں ہونے والی تکلیف پر باقاعدہ معذرت کی جائے۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ تمام حل شدہ شکایات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے جبکہ اس حوالے سے ایک ماہ کے اندر جامع رپورٹ جمع کرائی جائے۔ مراسلے کے مطابق وزیراعظم نے اپنے احکامات میں چیف سیکرٹریز کو ایک ماہ میں شکایات سے متعلق سرٹیفکیٹ دینے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے امریکی ریپبلکن پارٹی کے سرگرم کارکن ساجد تارڑ اور جیسی سنگھ (JESSY SINGH) نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔ جیسی سنگھ نے سکھ کمیونٹی کی جانب سے کرتارپور کاریڈور کھولنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم عمران خان سے ارکان اسمبلی چودھری غلام حسین، ابوذر بخاری اور راجہ ہارون نذیر نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ اور برآمدات میں اضافہ کے لئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرصدارت نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پنجاب کے وزرا میاں محمود الرشید، علیم خان، چیئرمین ہاؤسنگ ٹاسک فورس، سیکرٹری ہاؤسنگ ڈاکٹر و دیگر افسران شریک ہوئے۔ بیان کے مطابق وزیرِ اعظم کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں کیے جانے والے قانونی اور انتظامی اقدامات کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے قیام کا کام تقریبا مکمل کیا جا چکا ہے۔ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا بل ٹاسک فورس اور وزارتِ قانون کی منظوری سے حتمی شکل اختیار کر چکا ہے۔ گھروں کی خرید کے لئے فنانسنگ کا ماڈل اور اس ضمن میں ٹیکس رعایات کا کام تکمیل کے حتمی مراحل میں ہے جس کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم کو فورکلوژر لاز کے حوالے سے بھی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اٹارنی جنرل کی معاونت سے فورکلوژر لاز کو حتمی شکل دی جائے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ وفاقی سطح پر لاہور اور اسلام آباد میں پچیس ہزار ہاؤسنگ یونٹس کی تعمیر کا کام جلد شروع کر دیا جائے جائے۔ صوبائی وزیرہاؤسنگ محمود الرشید کی جانب سے وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ رینالہ خود، چشتیاں اور لودھراں میں بہت جلد ہاؤسنگ پراجیکٹ کا آغاز کر دیا جائے گا۔ بیرون ملک سے آنے والے سرمایہ کاروں کی رہنمائی اور معاونت کے لئے بورڈ آف انویسٹمنٹ میں ہاؤسنگ پراجیکٹ کے لئے خصوصی سیل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ہاؤسنگ پراجیکٹ کی پیش رفت سے عوام کو مسلسل آگاہ رکھا جائے۔ صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید، چیئرمین فیڈرل ہائوسنگ ٹاسک فورس ضیغم رضوی اور چیئرمین پنجاب ہائوسنگ ٹاسک فورس یعقوب طاہر اظہار نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات بھی کی۔ اعلی سطحی وفد نے ملاقات میں نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم پر اب تک کی پیشرفت سے وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کیا۔