وزیراعظم توجہ فرمائیں
مکرمیٖ! گزارش ہے کہ اقبال اکیڈمی وفاقی حکومت کے تحت ایک قومی ادارہ ہے جوکہ قومی تاریخ و ادبی ورثہ کے زیراہتمام ہے۔ اب یہ ڈویژن وفاقی وزارت تعلیم و تربیت کے زیرتحت ہے۔ اس سے پہلے وزارت اطلاعات و نشریات کے ماتحت تھی۔ گزشتہ حکومت نے علامہ اقبال دشمنی میں 9 نومبر کی سرکاری چھٹی بند کر دی۔ نگران حکومت کے دور میں اقبال اکیڈمی کے ملازمین کی پنشن روک لی گئی اور یہ سلسلہ اب تک جاری ہے۔ پچھلے 6 ماہ سے ریٹائرڈ ملازمین دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور ان کیلئے اب زندگی گزارنا مشکل ہو گیا ہے۔ ریٹائرڈ ملازمین میں بوڑھے افراد‘ مرحوم ملازمین کی بیوگان ان کے یتیم بچے اور معذور ہونے والے ملازمین ہیں پنشن نہ ملنے کی وجہ سے یہ سارے بے یارومدگار ہو گئے۔ پنشن روکنے کی وجہ یہ بتائی گئی کہ اقبال اکیڈمی ایک خودمختار ادارہ ہے اور خودمختار اداروں کے ملازمین پنشن کے حقدار نہیں ہوتے۔ وفاقی حکومت کے تحت ایسے درجنوں ادارے ہیں جن کے ملازمین پنشن لے رہے ہیں تو پھر اقبال اکیڈمی کے ساتھ یہ امتیازی سلوک کیوں کیا جا رہا ہے۔ آپ سے درخواست ہے کہ براہ کرم اس کا نوٹس لیں کہ آپ کے دور حکومت میں ریٹائرڈ ملازمین کا استحصال کیوں کیا جا رہا ہے۔ آپ سے درخواست ہے کہ اقبال اکیڈمی کے ملازمین کی پنشن بحالی کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری فرمائیں۔ (اعجاز احمد محلہ کالوپورہ گجرات)