رائو انوار کی مشکلات میں اضافہ، شاہ لطیف ٹائون کراچی میں ہونے والے مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونیوالے نقیب اللہ کیس میں نیا موڑ آگیا
شاہ لطیف ٹائون کراچی میں ہونے والے مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونیوالے نقیب اللہ کیس میں نیا موڑ آگیا۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثنا اللہ عباسی کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم نے سینٹرل جیل میں قید کالعدم تنظیم کے مقامی امیر قاری احسان سے نقیب اللہ کے حوالے سے تفتیش کی۔ تحقیقاتی ٹیم نے دہشت گرد قاری احسان کو نقیب اللہ کی تصاویر دکھائیں۔ تاہم قاری احسان نے نقیب اللہ کو اپنے ساتھی کے طور پر پہچاننے سے انکار کردیا۔ تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے جیل میں موجود قاری احسان کا بیان بھی لیا گیا۔ دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے بھی مدد طلب کرلی ہے۔ میڈیا کو دیے جانے والے خط میں لکھا گیا ہے کہ میڈیا کے پاس نقیب اللہ کے حوالے سے کوئی ویڈیو، رپورٹ یا تصاویر ہوں تو وہ تحقیقاتی اداروں سے شیئر کریں۔ میڈیا کے تعاون سے نقیب اللہ کے قتل کے حوالے سے تحقیقات میں مدد مل سکتی ہے۔