کراچی دکانداروں کا بھتہ دینے سے انکار، کپڑا مارکیٹ پر دستی بم حملہ، ایک شخص جاں بحق، 5زخمی
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے علاقے کھارادر میں بھتہ دینے سے انکار پر کپڑا مارکیٹ پر دستی بم سے حملہ سے ایک شخص جاں بحق اورپانچ افراد زخمی ہوگئے جبکہ زوردار دھماکے سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاعات کے مطابق کھارادر میں کپڑا مارکیٹ کے تاجروں سے گزشتہ کئی روز سے بھتہ مانگا جارہا تھا۔ جمعرات کی دوپہر موٹر سائیکل پر سوار دو افراد مارکیٹ پہنچے اور دکانداروں سے ایک بار پھر بھتے کا مطالبہ کیا اور جب دکانداروں نےبھتہ دینے سے انکارکیا تو تلخ کلامی کے بعد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جس کے دھماکے سے ایک شخص 65 سالہ عبدالستار ولد حاکم جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہوگئے جن میں 55 سالہ عبدالعزیز‘ 35 سالہ بابو‘ 28 سالہ اسماعیل‘ 26 سالہ وقاص اور 35 سالہ اسامہ شامل ہیں‘ دھماکے سے مارکیٹ میں بھگدڑ بھی مچ گئی‘ دھماکے کے بعد رینجرز پولیس اوربم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور جائے وقوعہ سے شہادتیں اکٹھی کیں۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طورپر پتہ چلا ہے کہ دھماکے میں لیاری گینگ وار کے کارندے ملوث ہیں۔