تحریک‘ دھرنوں کے ذریعہ منتخب حکومت کو گرانا جمہوری اقدار‘ اصولوں کیخلاف ہے: پلڈاٹ
اسلام آباد (این این آئی) پلڈاٹ نے کہا ہے کہ منتخب حکومت کو تحریک اور سڑکوں پر دھرنوں کے ذریعے گرانے کی کوششیں جمہوری اقدار اور اصولوں کیخلاف ہیں۔ پلڈاٹ نے کہا ہے کہ منتخب حکومتیں عوام کی طرف سے دیئے گئے مینڈیٹ کی نمائندگی کرتی ہیں۔ مصروف شاہراہوں کو بند کرنے ، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں تک رسائی میں رکاوٹ کے ذریعے ان حکومتوں کو گرانا جمہوریت کے اصولوں کیخلاف ہے۔جمہوریت لوگوں کو اپنے نمائندے منتخب کرنے اور ان کے ذریعے حکومت چلانے کا حق دیتی ہے۔ اس قسم کی تحریک کی وجہ سمجھنا بہت ہی مشکل ہے جبکہ حکومت کی مدت اگلے پانچ مہینوں میں ختم ہو رہی ہو۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ نہ صرف غیر جمہوری عمل ہے بلکہ منتخب حکومت کو گرانا ملک میں انتشار اور آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کو بھی خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے اس طرح کے کھلے عام حکومت گرانے کے اعلانات نہ صرف ملکی سلامتی کو خطرے سے دو چار کررہے ہیں بلکہ یہ سیاسی جماعتیں اپنی نمائندگی کے اصول کی بھی واضح خلاف ورزی کررہی ہیں۔پلڈاٹ نے کچھ سیاستدانوں کی طرف سے پارلیمنٹ کو ملامت کرنے کیلئے غیر مناسب الفاظ کے استعمال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اراکین اور پارلیمنٹ کی کارکردگی پر تنقیدی جائزہ اور تبصرہ کیا جاسکتا ہے لیکن وہ ادارے جو عوامی رائے کی نمائندگی کرتے ہوں ان پر ملامت کرنا کسی بھی تہذیب یافتہ معاشرے میں قابل قبول نہیں۔