گورنر گلگت بلتستان نے جعل سازی سے مکان کی گفٹ ڈیڈ تیار کرنے پر بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا
اسلام آباد(آئی این پی )گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان نے جعل سازی کے ذریعے مکان نام کرانے کی کوشش پر اپنے بیٹوں کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کرادیا ، مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ گورنر کے بیٹوں نے اپنے والد کے جعلی دستخط کر کے ایف سکس میں واقع مکان اپنے نام کروا نے کی کوشش کی جبکہ گورنر نے دھمکیاں دینے ، لڑائی جھگڑ ا کرنے اور گالم گلوچ کرنے پر دونوں بیٹوں کو عاق کررکھا ہے۔ تھانہ کوہسار میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق گورنر گلگت بلتستان کے بیٹوں سلیم خان اور شہریار نے اپنے والد کے جعلی دستخط کر کے مارگلہ روڈ پر سیکٹرF-6/2میں واقع گھر کی گفٹ ڈیڈ کی تیار کی اور اس مکان سے متعلق مقامی عدالت میں چلنے والے کیس میں یہ ڈیڈ جمع کرائی اور موقف اختیار کیا کہ والد نے ان کو یہ گھر گفٹ کردیا ہے ۔ جب گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان کو معاملے کا علم ہوا تو انہوں نے فوراًتھانہ کوہسار پولیس سے رجوع کیا اور بتایا کہ وہ 1990سے مذکورہ گھر کے واحد مالک ہیں ‘ تاہم دسمبر2016میں ان بیٹوں نے جعل سازی کے ذریعے فرضی گفٹ ڈیڈ تیار کرکے میرے دستخط کئے حالانکہ اس مکان پر میرا قبضہ ہے ۔تھانہ کوہسار پولیس نے گورنر کے دونوں بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کردی ۔ واضح رہے کہ گورنر گلگت بلتستان نے اسلام آبادمیں اپنا ذاتی مکان کرائے پر دے رکھاہے جبکہ خودسرکاری رہائش گا ہ میں رہ رہے ہیں۔