جوڈیشل کمشن اجلاس، جسٹس یاور کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، جسٹس منصور کو سپریم کورٹ تعینات کرنیکی سفارش
اسلام آباد ( نمائندہ نوائے وقت ) جوڈیشل کمشن نے جسٹس یاور علی شاہ کو لاہور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس اور جسٹس منصور علی شاہ کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی سفارش کر دی ہے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی صدارت میں اعلیٰ عدالتوں میں ججز کی تعیناتی سے متعلق جوڈیشل کمشن کا اجلاس ہوا۔ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے دو سینئر ججز، وفاقی و صوبائی وزیر قانون، سپریم کورٹ بار اور بار کونسل کے عہدیداروں سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔ سندھ ہائی کورٹ کے لیے بطور ایڈیشنل ججز چھ ناموں کی سفارش کی گئی۔ سندھ کے دو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز عشرت علی شاہ اور کوثر سلطانہ، چار وکلاء کو ہائی کورٹ کا جج مقرر کرنے کی بھی سفارش کی گئی۔ چیف جسٹس کی زیرصدارت پی ایم ڈی سی کی ایڈہاک کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا۔ جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اجلاس کا مقصد صحت کے شعبے، میڈیکل ایجوکیشن میں میرٹ کو یقینی بنانا ہے۔ بہتر طبی سہولیات، معیاری میڈیکل ایجوکیشن اور جینے کا حق بنیادی حقوق ہیں۔ کمیٹی کسی سے اثرانداز ہوئے بغیر پوری تن دہی سے اپنا فرض ادا کرے۔ اجلاس صحت کی بہتر سہولیات، میڈیکل ایجوکیشن کا معیار بہتر بنانے کے تناظر میں ہوا۔