وزیراعظم ٹیکس ایمنسٹی سکیم اور دیگر امور سے متعلق آئندہ ہفتے فیصلہ کرینگے
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آئندہ ہفتے ٹیکس ایمنسٹی سکیم اور دیگر امور کے بارے میں حتمی فیصلے کریں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ایف بی آر‘ وزارت خزانہ‘ وزارت تجارت اور دوسرے معاشی ادارے مختلف پہلوؤں پر کام کر رہے ہیں۔ ان تمام کے بارے میں آئندہ ہفتے اجلاسوں کا انعقاد شروع ہو جائے گا جس کے بعد حتمی فیصلے ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرون ملک اثاثوں اور اکاؤنٹس کے لئے ایمنسٹی سکیم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس کے خدوخال تیار ہیں تاہم کس ٹیکس ریٹ پر اثاثے ڈکلیئر کرنے کی اجازت دی جائے گی اس پر حتمی فیصلہ ہو گا۔ یہ تجویز ہے کہ تین‘ پانچ فیصد تک ریٹ رکھا جائے‘ ای فنڈ کی ادائیگی کے میکنزم کو بھی حتمی شکل دی جائے گی جبکہ ’’ان پٹ کاسٹ‘‘ میں کمی کے طریقوں کے بارے میں بھی فیصلہ ہو گا۔ ان تمام کا مقصد برآمدات کو بڑھانا ہے۔