صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت شانگلہ میں الیکشن فوج کی نگرانی میں کرانے پرتیارہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس پشاورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے صرف ایک امیدوارکے مطالبے پر الیکشن فوج کی نگرانی میں کرانا حیران کن ہے تاہم حکومت الیکشن کمیشن کا ہرفیصلہ قبول کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ میں دارالقضاء کے قیام پر بیس کروڑ روپے لاگت آئی ہے، ہم نے عوام کا مطالبہ پورا کردیا، امید ہے اس فیصلے سے امن کا قیام یقینی بنانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے عسکریت پسندوں کو ایک بار پھر ہتھیارڈالنے کی پیشکش کی ۔ میاں افتخار حسین نے پشاور میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی اور واضح کیا کہ صوبائی حکومت دہشت گردوں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھے گی ۔