سابق کرکٹر و ریاستی وزیر نوجوت سنگھ سدھو کے بعد پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا بھی ہندو انتہاپسندی کا شکار ہو گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی کے رہنما راجہ سنگھ نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ثانیہ مرزا پاکستان کی بہو ہیں ان سے ریاست تلنگانا کی خیرسگالی سفیر کا اعزاز واپس لے لیا جائے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ چندرا شیکھر راو سے درخواست کی کہ وہ ثانیہ مرزا کو خیرسگالی سفیر بنانے کا اقدام فوری طور پر واپس لیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تلنگانا میں بہت سے اعلیٰ کھلاڑی موجود ہیں جنہوں نے میڈلز جیت کر بھارت کا نام روشن کیا، بھارت کو اپنی نمائندگی کے لئے پاکستان کی بہو کی ہرگز ضرورت نہیں‘۔
خیال رہے کہ دو روز قبل ثانیہ مرزا نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک ٹوئٹر پیغام شیئر کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ کیوں نامور شخصیات کو کسی بھی حملے پر حب الوطنی کا ثبوت سوشل میڈیا پر مذمت کرکے دینا ضروری ہے؟
انہوں نے لکھا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ سوشل میڈیا پر چیخ چلا کر ثبوت دیا جائے ، میں اپنے ملک کے لیے کھیلتی ہوں اور یہی میری اپنے ملک کے لیے خدمات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پوسٹ ان لوگوں کیلئے ہے ، جو سوچتے ہیں کہ مشہور ہستیوں کے طور پر ہمیں کسی حملہ کی مذمت ٹویٹر اور انسٹاگرام پر کرنی چاہئے ۔ یہ ثابت کرنے کیلئے ہم محب وطن ہیں اور ہمیں ملک کی پروا ہے ، کیوں ؟۔آپ میں سے کچھ ایسے مایوس لوگ ہیں جو نفرت پھیلانے کا کوئی موقع نہیں چھوڑ رہے ہیں ۔
ثانیہ مرزا نے مزید لکھا کہ میں اپنے ملک کیلئے کھیلتی ہوں اور ملک کی خدمت کرتی ہوں ،میں اپنے سی آر پی ایف کے جوانوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہوں ۔یہ ہمارے لیے سیاہ دن تھا، دعا ہے یہ دن ہمیں دوبارہ نہ دیکھنا پڑے۔کئی بھارتیوں کو ان کی امن کی اپیل پسند آئی اور انہوں نے روایتی انداز میں انہیں برا بھلا کہنا شروع کردیا ہے۔
We stand united ???? #PulwamaAttack pic.twitter.com/Cmeij5X1On
— Sania Mirza (@MirzaSania) February 17, 2019
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں غاصب بھارتی فوج پرحملے میں 44 اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد بھارت روایتی پاکستان دشمنی پر اتر آیا اور اس کی جانب سے تحقیقات کے بغیر پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب بھارتی سینما انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں اور دیگر تمام عملے پر مشتمل آل انڈیا سِنے ورکرز ایسوسی ایشن نے پلوامہ حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں اور اداکاروں پر مکمل طور پر پابندی لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔