بچوں میں کینسر قابل علاج ، ساتھ بیٹھنے ، کھانے پینے یا چھونے سے منتقل نہیں ہوتا:پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب
لاہو( پ ر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر محمد طیب نے کہا ہے کہ بچوں میں کینسر کے مرض کی روک تھام کیلئے سینئر میڈیکل پروفیشنلز کو جدید تحقیق پر بھرپور توجہ دینا چاہیے تاکہ نئی نسل کو جان لیوا امراض سے محفوظ رکھا جا سکے۔ان خیالات کا انہوں نے اظہار چلڈرن وارڈ لاہور جنرل ہسپتال میں بچوں کے کینسر کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ پروفیسر آغا شبیر علی،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین ، ڈاکٹر رانا محمد شفیق، ڈاکٹر نگہت ، ڈاکٹر حمیرہ ، مسز شاہین، ڈاکٹر محمد فریاد ، ڈاکٹر مزمل اعظم سمیت ڈاکٹرز، نرسز اور بچوں کے والدین بھی موجود تھے۔اس موقع پر ایل جی ایچ سے کینسر کے صحت یاب ہونے والے 20بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب نے کہا کہ پنجاب میں صحت کارڈ غریب اور ضرورت مند لوگوں کے لیے بہت بڑی سہولت ہے ۔پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ بچوں میں کینسر کی روک تھام کے لئے شعور کی بیداری بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ زہر آلود کھادوں اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث حالات گمبھیر ہے جس میںبہتری لانے کی ضرورت ہے۔سیمینار سے پروفیسر آغا شبیر علی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔