یونیورسٹی آف بریڈفورڈ کا وفد وائس چانسلر پروفیسر برائن کینٹور کی قیادت میں رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا
لاہور (پ ر) ٹریڈفورڈ انگلستان کی معروف درسگاہ یونیورسٹی آف بریڈفورڈ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد رواں ماہ پاکستان کا دورہ کر رہا ہے جس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر برائن کینٹور ڈائریکٹر آف ایکسٹرنل افیئرز مارک گیریٹ، ایسوسی ایٹ ڈین پروفیسر عامر شریف، پروفیسر طاہر خان سمیت دیگر سینئر سٹاف ممبرز شامل ہیں۔ اس دورے کا مقصد پاکستان کی تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون اور اشتراک کا فروغ ہے۔ دورے کے دوران یونیورسٹی لاہور، اسلام آباد اور کراچی میں ایونٹس کا انعقاد کرے گی اور حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ یاد رہے کہ قبل یونیورسٹی کے ایک وفد نے گزشتہ سال نومبر میں پاکستان کا دورہ کیا اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور وزیراعظم کے خصوصی مشیر زلفی بخاری سے ملاقاتوں میں پاکستان کے تعلیمی شعبے کی بہتری کے لئے مختلف امور پر بات کی۔ یونیورسٹی کے ریجنل منیجر فہد آصف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور بریڈفورڈ شہر کے درمیان تاریخی سیاسی سماجی اور اقتصادی تعلقات موجود ہیں اور یونیورسٹی آف بریڈ فورڈ کا اس سلسلے میں ہمیشہ سے ایک اہم کردار رہا ہے۔ ڈائریکٹر آف ایکسٹرنل افیئرز مارک گیرٹ کا کہنا تھا کہ ہمیںخوشی ہے کہ ہر سال درجنوں طالب علم اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے بریڈ فورڈ کا رخ کرتے ہیں اور ہم ان روابط کو مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔ یونیورسٹی آف بریڈ فورڈ کا شمار برطانیہ کے صف اول کی درس گاہوں میں ہوتا ہے اور پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان کو بھی یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ یونیورسٹی کے چانسلر رہ چکے ہیں۔