متروکہ وقف املاک بورڈ کا گزشتہ تین سال کا سپیشل فرانزک آڈٹ کیا جائیگا
لاہور (خصوصی نامہ نگار)وزیر اعظم عمران خان کے احکامات کی روشنی میں متروکہ وقف املاک بورڈ کا گزشتہ تین سالہ سپیشل فرانزک آڈٹ کیا جائے گا، اس سلسلہ میں خصوصی آڈٹ ٹیم نے 3مختلف پہلوئوں سے وقف املاک ، ان کی لیزنگ کے طریقہ کار، کورٹ کیسز اورلیز کی مد میں بقایا جات کے حوالے سے 29نکات پر مبنی فرانزک آڈٹ کرے گی۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کا سال2016سے2018 تک کا تین سالہ سپیشل فرانزک آڈٹ ہو گا ، آڈٹ ٹیم گزشتہ روز بورڈ دفتر لاہور پہنچ گئی ہے ٹیم نے ایڈمنسٹریٹر ایسٹرن زون، گوجرانوالہ زون،ننکانہ زون ننکانہ صاحب، ویسٹرن زون فیصل آباد، ناردرن زون راولپنڈی کو ریکارڈ کی فراہمی کا حکم جاری کیا ہے۔ سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے سنٹرل زون ملتان،اور سدرن زون کراچی میں تعینات ایڈمنسٹریٹرز کو بھی ریکارڈ کی فراہمی کے احکامات جاری۔ ایڈمن ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر سابق چیئر مین صدیق الفاروق کے دور میں قواعد کے برعکس ایک ماہ میں دو دو بار بورڈ میٹنگز بلانے اور ان پر اٹھنے والے اخراجات پر آڈٹ اعتراض سامنے آیا ہے۔