سعودیہ سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان بڑی سفارتی کامیابی ہے:میاں محمود الرشید
لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیر ہائوسنگ واربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کا معمولی جرائم میں ملوث پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان سفارتی سطح پر ملک کی اہم ترین کامیابی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے ساتھ گرمجوش تعلقات کے نئے باب کا آغاز کیا ہے۔انہوں نے ماضی کے حکمرانوں کے برعکس سعودی شاہی خاندان سے ذاتی تعلقات استوار کرنے کی بجائے روزگار کی تلاش میں سعودی عرب گئے پاکستانیوںکی فلاح وبہبود اور معمولی جرائم پر پابند سلاسل ہم وطنوں کو رہا کرانے کی کامیابی حکمت عملی اپنائی ہے۔اپنے بیان میں میاں محمود الرشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران کی ولولہ انگیز قیادت نے پاک سعودیہ تعلقات کو بلند ترین سطح تک پہنچا دیا ہے۔سعودی ولی عہد کے دورے کے مثبت اثرات قوم کے سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں حکومت نے خارجہ پالیسی کے محاذ پر جو شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں،سعودی ولی عہد کا دورہ ان میں نمایاں اہمیت کا حامل ہے۔دورے کے دوران ہونے والے 20ارب ڈالر کے معاہدوں سے ملکی معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی اور دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں ایک نئے اور سنہری باب کا اضافہ ہوگا۔