سعودی ولی عہد کے دورہ سے دشمن قوتیں ناکام ہوئیں:طاہر محمود اشرفی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے پاک سعودی عرب تعلقات میں مزید مضبوطی اور استحکام آیا ہے ، پاکستان اور سعودی عرب کو انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے مل کر جدوجہد کرنی ہے ، سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والی سعودی عرب پاکستان دشمن قوتیں ناکام ہوئی ہیں، سعودی ولی عہد کی محبتوں کی پاکستانی قوم شکر گزار ہے ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اسلام آباد میں ملکی اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان امت مسلمہ کی وحدت ، اتحاد اور عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل تھا، پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت فلسطین سے یمن تک اور لیبیا سے کشمیر تک کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں، سعودی ولی عہد کے دورہ سے دنیا پر یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کی سلامتی ، استحکام اور دفاع ایک ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے دشمن ایک ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عرب ممالک کے تعلقات میں بہتری کیلئے جنرل قمر جاوید باجوہ کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔