اخبار فروش ہیلتھ کارڈ کے مستحق، اخبار مارکیٹ کیلئے تمام وسائل استعمال کرونگا
راولپنڈی (نیوز ڈیسک) اخبار فروشوں کے مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائینگے۔ ان خیالات کا اظہار ایم این اے شیخ راشد شفیق نے اخبار فروش یونین راولپنڈی کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اخبار فروش ہیلتھ کارڈ کے مستحق ہیں۔ اس لئے تمام اخبار فروشوں کیلئے ہیلتھ کارڈ کے اجراء کیلئے فوری اقدامات کئے جائینگے۔ اس کے علاوہ راولپنڈی کے اخبار فروشوں کا دیرینہ مسئلہ اخبار مارکیٹ ہے۔ اس کے حصول کیلئے میں اپنے تمام وسائل استعمال کرتے ہوئے یہ حق بھی اخبار فروشوں کو دلواؤنگا۔ انہوں نے آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ٹکا خان اور راولپنڈی اخبار فروش یونین کے جنرل سیکرٹری عقیل احمد عباسی کو خراج تحسین پیش کیا۔ ظہرانے میں آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ٹکا خان، اسلام آباد اخبار فروش یونین کے صدر چوہدری محمد شریف اخبار فروش یونین راولپنڈی کے صدر شفیق ستی، شیخ راشد شفیق کے کوارڈینیٹر و جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی راولپنڈی چوہدری صغیر، صدر اخبار فروش یونین مری محبوب لون، چیئرمین سوار عباسی و دیگر عہدیداران اخبار فروش یونین راولپنڈی سردار محمد حنیف، شرافت عباسی، سینئر اخبار فروش رہنما چوہدری محمد فرحان، اصغر عباسی، نزاکت عباسی، حنیف عباسی، چوہدری رضوان، عبدالرافع عباسی اور کثیر تعداد میں اخبار فروشوں نے شرکت کی۔ اخبار فروش یونین راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری عقیل احمد عباسی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا ہمیں توقع ہے کہ شیخ راشد شفیق کے تعاون سے اخبار فروشوں کے تمام مسائل حل ہونگے۔ انہوں نے آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ٹکا خان کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔