آرٹسٹوں کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں، فیاض الحسن چوہان
راولپنڈی (کلچرل رپورٹر) پنجاب آرٹس کونسل کے زیراہتمام فوک سٹوڈیوسیزن 2 میں راولپنڈی آرٹس کونسل نے اپنا پہلا ثقافتی شو ’راول رنگ‘ اوپن ائیرتھیٹرباغ جناح لاہورمیں پیش کیا جس میں خطہ پوٹھوہارکے فنکاروں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔صوبائی وزیربرائے اطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہان مہمان خصوصی کے طورپرشریک ہوئے جو تین گھنٹے تک فنکاروں کی پرفارمنس دیکھتے رہے۔ پارلیمانی سیکریٹری برائے وفاقی تعلیم وجیہہ اکرم بھی بطورخاص شریک ہوئیں۔نظامت کے فرائض معروف آرٹسٹ مسعودخواجہ ؔ نے اداکیے۔’راول رنگ‘ میں راولپنڈی ڈویثرن کے تمام اضلاع جہلم، چکوال،اٹک سے بہترین فنکارشریک ہوئے۔ثقافتی شوکا آغازفتح جنگ اٹک سے شوکت خان لوک رقص پارٹی نے سمی لوک رقص سے کیا۔مری سے ارم عباسی نے گھڑے اورستارپرپوٹھوہاری گیت پیس کیا۔دینہ سے گڑیا پاکستانی نے وحیدمرادکے ساتھ مل کرڈھول پرایسی پرفارمنس دی کہ نوجوان ناچتے رہے۔کوک سٹوڈیومیں شہرت کی بلندیوں کوچھونے والے چواہ سیدن شاہ سے چکوال گروپ نے اپنے روائتی انداز میں گیت پیش کیے اورلوگوں کوجھومنے پرمجبورکردیا۔خطہ پوٹھوہارکی معروف آوازافشاں زیبی نے بھی اپنی سریلی آوازکا جادوجگایا۔چکوال سے معروف فوک سنگرگلشن علی خان اوراحمدحیدری نے وہاں کے ڈھول گیت پیش کیے۔آرٹس کونسل میں موسیقی کے طلباء لاریب، رابیل اورحمزہ علی نے ٹپے اورماہیے پیش کیے جبکہ آصف میرنے بھی خوبصورت لوک گیت پیش کیا۔ پی ٹی وی کا معروف نام سعیدانورنے ون مین شوکے ذریعے لوگوں کوخوب ہنسایا۔اس کے علاوہ دستکاروں میں اعجازمغل ٹرک آرٹ،فوزیہ ناہید ڈول میکنگ، عنبرین فاطمہ چک آرٹ،طالب حسین نمک کے ٹیبل لیمپ اورشاہدہ پروین پیپر کویلنگ کی نمائش میںلوگوں نے خوب دلچسپی لی۔ ایگزیکٹوڈائریکٹرپنجاب آرٹس کونسل ثمن رائے نے مہمانوں کوخوش آمدیدکہا۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیربرائے اطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہان کی سرپرستی میں ثقافتی ادارے فن وثقافت کی ترویج کے لیے اپنا کرداراداکررہے ہیں۔فوک سٹوڈیو کامقصدبھی دوردرازکے علاقوں کے فنکاروں کوپلیٹ دینا اوروہاں کی ثقافت کومتعارف کرانا ہے۔ پارلیمانی سیکریٹری برائے وفاقی تعلیم وجیہہ اکرم نے کہا کہ ایسی شاندارپرفارمنس انھوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ انھوں نے کہا آج کے فنکاروں کی پرفارمنس انہیں ہمیشہ یادرہے گی۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پوٹھوہارثقافت سے بھرپورخطہ ہے جہاں ہررنگ موجودہے۔انھوں نے کہا کہ خطہ پوٹھوہارکی ثقافت کوپیش کرنا راولپنڈی آرٹس کونسل کا احسن اقدام ہے۔انھوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام آرٹسٹوں کی فلاح وبہبودکے لیے معتددمنصوبے شروع کیے ہیں جن میں آرٹسٹ ہیلتھ کارڈ،وائس آف پنجاب شامل ہیں۔