منشیات کی روک تھام کے لئے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے
راولپنڈی(جنرل رپورٹر) راولپنڈی آرٹس کونسل میں پاکستان زندہ باد کے نام سے پروگرام منعقد کیا گیا۔ جس کا مقصد منشیات کی روک تھام کے لیے عوام میں آگاہی پھیلانا تھا۔پروگرام کے آرگنائزرز، چیف ایگزیکٹو آکاش فائٹ کلب، شیھان آکاش اور چیف ایگزیکٹو لیاقت جم، لیاقت علی نے اپنے پیغامات میں کہا کہ منشیات دور حاضر کا ایک بہت بڑا اور اہم مسئلہ ہے۔ اسکی روک تھام کے لئے ملکی و قومی سطح پر مشترکہ انداز میں اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ نوجوان، جو ہماری قوم کا سرمایہ ہیں، انکو منشیات جیسی مضر صحت چیزوں سے بچانے کے لئے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد بہت ضروری ہے۔ پروگرام میں شہر بھر سے وکلاء صاحبان، ڈاکڑز، پولیس افسران اور دیگر لوگوں نے شرکت کی۔ لوگوں نے پروگرام کو بہت سراہا اور کہا کہ ایسی مفید سرگرمیوں کا انعقاد جاری رہنا چاہیے۔