قطر دہشتگردی اور تشدد کے خلاف اپنے موقف پر قائم ہے،قطری وزیر خارجہ
انقرہ (صباح نیوز)قطرکی حکومت نے مصر کے جزیرہ نما سینا میں دو روز قبل ہونے والے حملے میں 15 فوجیوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کی ہے۔قطری وزیر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک جزیرہ نما سینا میں مصری فوجیوں پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر دہشت گردی کے خلاف جنگ اور تشدد کے خلاف اپنے موقف پر قائم ہے۔، اس کے اسباب اور محرکات کچھ بھی ہوں، قطر دہشت گردی کی ہرشکل کی مذمت کرتا رہے گا۔قطری وزیرخارجہ نے جزیرہ سینا میں مصری فوجیوں کی ہلاکتوں سے متاثر ہونے والے شہریوں کے ساتھ ہمدردری کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔ خیال رہے کہ مصر اور قطر کے درمیان جون 2017 سے تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔