سعید اختر کرکٹ‘ عاقب جاوید کی شاندار بیٹنگ ‘سعید اختر سی سی فاتح ٹرافی کی حقدار بن گئی
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) تیسرا سعید اختر ٹی ٹوئنٹی کلر کٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں میزبان ٹیم سعید اخترسی سی نے باآسانی کے جی اے جیم خانہ کو 8وکٹوں سے شکست دے کر فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی۔ کے سی سی اے زونIIIکے صدر محمد رئیس نے بحیثیت مہمان خصوصی فائنلسٹ ٹیموںکے کپتانوں کو ونر اور رنر ٹرافی پیش کی۔ مہمان خصوصی نے فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کو مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی عامر رشید کو اپنی کابینہ کے ہمراہ ٹورنامنٹ کو شاندار طریقہ سے آرگنائز کرنے پر ان کی حوصلہ افزائی کی اور کرکٹ کے فروغ میں سعید اختر کرکٹ کلب کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پرعامر رشید ،ذیشان الطاف لویا،افضل قریشی، شوکت راجپوت ، عباس نواز، عمران علی، بھرت کمار، حسین مرچنٹ، جوناتھن،محمد مشتاق، عمران یاسین، شاہزیب ڈائر، سید مہد ی علی، نعیم احمد، سید ہادی ، شاکر احمد وی دیگر مہمان بھی موجود تھے۔کے جی اے جیم خانہ گراؤنڈ پر ہوم گراؤنڈ کی کے جی اے جیم خانہ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیااور مقررہ 20اوورز میں 6وکٹوں پر 143رنز اسکور بک میں درج کرائے۔ محمد علی نے 65رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔عمران بشیر ,23ونود رمیش نے 19اور رویندر سنگھ نے 11رنز کی اننگز کھیلی۔ سجاد نے 24رنز پر 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جوابی بیٹنگ میں سعید اختر سی سی کو فتح کے حصول میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور باآسانی مطلوبہ ہدف کو 15.2اوورز میں 2وکٹوں پر یقینی بنالیا جب 146رنز اسکور بورڈ پر آویزاں کئے گئے۔عاقب جاوید نے 78رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔ عذیر جعفر نے 41اور انضار نے 10رنز اسکور کئے۔ محمد علی نے حریف ٹیم کی دونوں وکٹیں اپنے نام کیں۔ محمد عابد اور محمد آصف نے ایمپائرنگ کے فرائض انجام دئے۔