وزیراعلیٰ بزدار کی پولیو کیس سامنے آنے پر سخت تشویش
لاہور میں پولیو کیس سامنے آنا تشویشناک ہے۔ باتوں سے کام نہیںچلے گا۔ رزلٹ دینا ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارپاکستان میں عرصہ درازسے پولیو کے خاتمے کی مہم چلائی جا رہی ہے۔ شہر شہر گائوں گائوں 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے تحفظ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ اس کے باوجود پولیو کیس کا سامنے آنا نہایت تشویشناک ہے۔ افسوس کی بات تو یہ ہے کہ ہمارے بعض ناخواندہ دینی طبقے کے بہکاوے میں آ کر والدین خود بھی اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے سے گریز کرتے ہیں۔ وجہ کوئی بھی ہو اس وقت پاکستان دنیا کے ان دو یا تین ممالک میں شامل ہے جہاں ابھی تک پولیو کا مکمل خاتمہ نہیں ہو سکا جبکہ دنیا بھر سے اس مرض کا خاتمہ کیا جا چکا ہے۔ اگر یہی حال رہا تو پاکستانیوں پر عالمی برادری کی طرف سے سفر کی پابندیاں لگ سکتی ہے۔ لاہور جیسے شہر میں بھی پولیو کا کیس سامنے آنا واقعی حیران کن ہے اور مقام فکر بھی۔ ان حالات میں تمام حکومتی اداروں کو مل جل کر عوام کو اس بات پر راغب کرنا ہو گا کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں تاکہ وہ معذوری سے محفوظ ہوں اور ملک و قوم کا مستقبل صحت مند و توانا افراد کے ہاتھ میں رہے۔