عدلیہ مخالف تقاریر پر نواز شریف، مریم کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر پیمراءکو طلبی کا نوٹس جاری
لاہور ہائیکورٹ نے عدلیہ مخالف تقاریر کرنے پرمیاں نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر پیمراءکو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار آمنہ ملک کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ میاں نوازشریف ، مریم نوازاور ن لیگی اراکین پارلیمنٹ نے پانامہ کیس کے فیصلے کے حوالے سے عدلیہ مخالف بیان بازی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جو کہ وا ضح طور پر توہین عدالت ہے۔انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی و صوبائی اسمبلی ن لیگ سے تعلق رکھتے ہیں اسی لئے عدلیہ مخالف بیان بازی پر ان کے خلاف کاروائی نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے پیمراءکو عدلیہ مخالف تقاریر کو میڈیا پر نشر کرنے سے روکنے کا حکم دے۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ لاہورہائیکورٹ میں براہ راست اس قسم کی درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔ محض الزامات کی بنیاد پر درخواست پر سماعت ممکن نہیں۔جس پر عدالت نے پیمرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر پیمراء کے ذمے دار افسر کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدائت کی ہے۔