نوازشریف کے شیخوپور ہ جلسہ کی جھلکیاں
شیخوپورہ (شیخ عظیم علی+ سید علی معظم رضوی سے+ ڈاکٹر جمیل اختر+ عظیم علی شیخ)٭نواز شریف کو بہت بڑے جلوس کی شکل میں جلسہ گاہ لایا گیا، ان کے ہمراہ مریم نواز بھی تھیں، جلوس کی قیادت میاں محمد جاوید لطیف ایم این اے نے کی۔٭سٹیج پر وفاقی وزراء ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی کے عہدیداران کی کثیر تعداد موجود تھی۔٭ نواز شریف نے ہاتھ لہرا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا۔٭مرکزی انجمن تاجران کے صدر میاں محمد پرویز نے مریم نواز کی پارٹی خدمات کے اعتراف میں سات تولہ سونے کا تاج جس میں قیمتی نگینہ جڑا گیا تھا اورجس کی مالیت 15لاکھ روپے ہے انکو پہنایا ۔ ٭سٹیج کو نوازشریف، شہبازشریف، مریم نواز اور جاوید لطیف کی قدآور پورٹریٹ سے مزین کیا گیا تھا٭ متوالے پارٹی ترانوں پر رقص کرتے اور نعرے بازی کرتے رہے ۔٭جلسہ گاہ کے طول و عرض کو خوبصورت فلیکسز ، نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کے قدر آور پورٹریٹ سے سجایا گیا تھا۔٭سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے داخلی اور خارجی راستوں پر 1200پولیس اہلکار تعینات کئے گئے جبکہ 600اہلکار جلسہ گاہ سے پنڈال کو جانے والے مختلف راستوں پر تعینات رہے ۔ ٭مریم نواز سٹیج پر کھڑے ہو کر شرکاء کی اپنے موبائل سے تصاویر بناتی رہیں ۔٭نواز شریف نے اپنے خطاب کے دوران اپنے مخصوص جملے مجھے کیوں نکالا کو ایک بار پھر دہرایا جس کا جواب شرکاء جلسہ نے یکجہتی کے نعروں سے دیا۔ ٭قبل ازیں نوازشریف بذریعہ موٹروے سے کوٹ رنجیت انٹرچینج پر پہنچے تو وہاں پر مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے میاں جاوید لطیف، ایم پی اے چودھری فیضان خالد ورک نے کارکنوں کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔ ٭ نوازشریف کی گاڑی میں مریم نواز، کیپٹن (ر) محمد صفدر بیٹھے، گاڑی میاں جاوید لطیف چلا رہے تھے۔ ٭ چیئرمین بلدیہ میاں امجد لطیف اور رکن پنجاب اسمبلی چودھری فیضان خالد ورک، میاں محمد پرویز،چودھری طیاب راشد سندھو، ملک پرویز اقبال،احمد خورشید، سلطان سرور گولڈن کی طرف سے ہوا میں سینکڑوں غبارے ، درجنوں کبوتر بھی چھوڑے گئے ۔٭پنڈال میں دن 12 بجے سے ہی شہر بھر سے ارکان اسمبلی، یوسی چیئرمینوں اور کونسلروں کے جلوسوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا چودھری فیضان خالد ورک ،سلطان سرور گولڈن، ملک عمران رحمت ڈوگر ،حاجی ارشاد گادھی ، جاوید گادھی ،میاں منور اقبال ، طیاب راشد سندھو بڑے قافلوں کی شکل میں پنڈال پہنچے ۔٭مریم نواز کے خطاب کے دوران ضلعی صدر محمد عارف خان سندھیلہ ایم پی اے کی طرف سے جہاز کے ذریعے جلسہ گاہ پر پھولوں کی پتیاں اور میاں نواز شریف ،مریم نواز ،رانا تنویر حسین ، عارف خان سندھیلہ اور احسان مجید گجر کی تصاویر پر مشتمل پمفلٹ گرائے گئے ۔٭چودھری فیضان خالد ورک نے میاں محمد نوا ز شریف کو تلوار کا نشان اور ہرن مینار کا سونیئر پیش کیا جبکہ سٹی ایم این اے میاں جاوید لطیف نے مریم نواز کو خوبصورت شال پیش کی۔٭مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہاکہ شاباش شیخوپورہ۔ شاباش۔