بلین ٹری منصوبہ ہمارا فخر، دنیا میں پذیرائی ملی، پنجاب، سندھ کے جنگلات پر ٹمبر مافیا قابض: عمران
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بلین ٹری سونامی منصوبہ ہمارا فخر ہے یہ پہلا ماحولیاتی منصوبہ ہے جسے پوری دنیا میں پزیرائی مل رہی ہے اتوار کے سینٹرل میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری اپنے بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ منصوبے پر محض اسلئے حملے کرنا کہ اسے تحریک انصاف نے شروع کیا کہاں کی عقلمندی ہے تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم پر حملوں کی بجائے ہم پنجاب اور سندھ کی فکر کریں سندھ اور پنجاب کے جنگلات پر ٹمبر مافیا قابض ہے اور ان سے درختوں کا صفایا کیاجا چکا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف جو زبان خود استعمال نہیں کرتے وہ زبان اپنی صاحبزادی سے استعمال کراتے ہیں مریم بی بی کی پاکستانی سیاست میںاس سے زیادہ کوئی حیثیت نہیں کہ وہ نواز شریف کی صاحبزادی ہیں قوم جانتی ہے کہ مریم بیچاری کے لندن تو دور کی بات پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹیز نہیں شیخو پورہ میں مریم نواز کے جلسہ عام سے خطاب پر اپنے ردعمل میں فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کی لوٹ مار کا سب سے زیادہ فائدہ مریم نواز کو پہنچا مریم بی بی کیلئے ووٹ کا تقدس اسی صورت ممکن ہے اگر نواز شریف کو کرپشن کی آزادی حاصل رہے مریم بی بی کے مطابق وزیر اعظم کا حق ہے کہ وہ جتنی چاہے لوٹ مار کرے اور اسے پوچھا نہیں جانا چاہئے کسی جج نے گالی دی نہ اپنے کسی فیصلے میں قابل اعتراض زبان استعمال کی انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی سے دھمکیاں ملنے کے بعد ججوں کو نواز شریف کی شکل میں سسلین مافیا نظر آیا تو ٹھیک نظر آیا نواز شریف نے صفائی پیش کرنے کی بجائے قطری خط پیش کئے تو اس میں ججوں کا کیا قصور تھا پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ مریم نواز کے پاس بھی موقع تھا کہ وہ ٹرسٹ ڈیڈ اور کیلبری فونٹ جیسے ڈراموں کی بجائے سنجیدگی سے عدالت میں اپنی صفائی پیش کرتیں اداروں کو دھمکانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی احتساب کا عمل انشا اللہ جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا۔پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ نواز شریف درست کہتے ہیں کہ انہوں نے واقعی دس روپے کی کرپشن نہیں کی وہ صحیح کہتے ہیں کہ انہوں نے ایک سو اور ایک ہزار روپے کی بھی کرپشن نہیں کی کیونکہ انہوں نے300 ارب کی کرپشن کی ہے اپنے بیان میں ترجمان نے کہا کہ اسی تین سو کروڑ کی کرپشن کی جوابدہی کیلئے انہیں بلایا جاتا ہے پہلے سپریم کورٹ134 روز ان سے پوچھتی رہی کہ16 کمپنیوں میں تین سو کروڑ کہاں سے لے کر لگائے اب یہی سوال احتساب عدالت ان سے پوچھ رہی ہے لیکن وہ جلسے کرنے میں لگے ہیں ترجمان نے کہا کہ موصوف کا نکتہ نظر یہ ہے کہ لوگ ان کے جلسوں میں آ رہے ہیں اس لئے ان کے خلاف مقدمات بند کردینے چاہئیں میاں صاحب ووٹ کا تقدس آئین کے تقدس کے ساتھ مشروط ہوتا ہے ترجمان نے کہا کہ قانون کے تابع اکثریت کی حکومت جمہوریت کہلاتی ہے قانون کے ماورا اکثریتی حکومت جمہوریت نہیں ہوتی آپ کے اوپر قومی خزانہ چوری کرکے باہر لے جانے کا سنگین الزام ہے اس کا جواب آپ نے اور آپ کے بچوں نے دینا ہے اگر جواب نہیں دے پائیں گے تو آپ کو اڈیالہ جیل جانا ہوگا۔
عمران
اسلام آباد (این این آئی+ اے این این) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بلین ٹری سونامی منصوبہ ہمارا فخر ہے اس پر تنقید صرف اس لیے ہورہی ہے کیونکہ یہ پراجیکٹ پی ٹی آئی نے شروع کیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان نے مزیدکہا یہ پہلا ماحولیاتی منصوبہ ہے جسے پوری دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے اور لوگ منصوبے پر محض اس لئے حملے کررہے ہیں کہ اسے تحریک انصاف نے شروع کیا۔ انہوں نے کہا منصوبے پر محض اس لئے حملے کرنا کہ اسے تحریک انصاف نے شروع کیا یہ کہاں کی عقلمندی ہے، ٹمبر مافیا نے سندھ اور پنجاب کے جنگلات پر قبضہ کرکے انہیں تباہ و برباد کردیا ہے، جبکہ تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم پر حملوں کے بجائے پنجاب اور سندھ کے جنگلات کی فکرکرنی چاہیے۔ اے این این کے مطابق حالیہ ضمنی انتخابات میں شکست اور مسلم لیگ ن کی مقبولیت میں مسلسل اضافے کی وجہ سے پریشان پارٹی کے اہم رہنمائوں نے عمران خان کو پنجاب میں جارحانہ پالیسی اختیار کرنے کا مشورہ دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ پر ہونے والے پارٹی کی مرکزی قیادت کے اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنمائوں نے مشورہ دیا تحریک انصاف فوری طور پر نئی سیاسی حکمت عملی کے تحت پنجاب میں میدان سجائے۔ پی ٹی آئی رہنمائوں کے مطابق پنجاب میں کی جانے والی سیاسی محنت ضائع ہونے کا خدشہ ہے جس کے بعد مسلم لیگ ن کے جلسوں کے مقابلے میں جلسوں کا چیلنج پورا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔