میکسیکو‘ فوجی ہیلی کاپٹر امدادی گاڑیوں پر گرگیا، 13افراد ہلاک
میکسیکو سٹی(صباح نیوز)میکسیکو میں فوجی ہیلی کاپٹر امدادی گاڑیوں پر گرگیا جس کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے۔امریکی میڈیا کے مطابق میکسیکو کی ریاست اوہاکا میں زلزلہ آنے کے بعد امداد کی غرض سے جائزہ لینے کے لیے ہیلی کاپٹر ایک گائوں میں اتر رہا تھا کہ پائلٹ کے کنٹرول سے باہر ہوگیا اور قریب موجود امدادی گاڑیوں پر گرگیا جس کے نتیجے میں 13افراد ہلاک ہوگئے جس میں پانچ خواتین اور تین بچے بھی شامل ہیں۔ ہیلی کاپٹر میں موجود میکسکیو کے وزیر داخلہ اور ریاست اوہاکا کے گورنر سمیت دیگر حکام محفوظ رہے۔ریاست اوہاکا کے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ کچھ افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ کچھ لوگ اسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جس گائوں میں حادثہ رونما ہوا وہاں کی بجلی منقطع تھی اور ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے وقت اندھیرا تھا۔