فلوریڈا فائرنگ:متاثرہ سکول کے طلباء کی ریلی، رائفل ایسوسی ایشن سے رابطوں پر ’’ٹرمپ شرم کرو‘‘ کے نعرے
فلوریڈا(اے این این+اے ایف پی)فلوریڈا میں فائرنگ کا نشانہ بننے والے سکول کے طلبہ نے اسلحہ کے استعمال کے خلاف ریلی نکالی۔متاثرہ سکول کے طلبہ،ان کے والدین اور اساتذہ نے ریلی میں شرکت کی ،ان کا کہنا تھا کہ رائفل ایسوسی ایشن سے فنڈز لینے والے سیاستدانوںکو شرم آنی چاہئے۔گن مخالف ریلی کے دوران شرکا نے صدرٹرمپ کے نیشنل رائفل ایسوسی ایشن سے رابطوں پرشرم کروکے نعرے بھی لگائے۔فلوریڈا کے شہر پارک لینڈ میں بدھ کے روز نکولس کروز نے ہائی سکول میں داخل ہو کر فائرنگ کرکے 17افراد کو قتل کر دیا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا سکول فائرنگ کے واقعہ پر ایف بی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا انہیں دکھ ہے کہ ایف بی آئی نے فلوریڈا سکول کے حملہ آور سے متعلق تمام شواہدکھو دیئے، یہ کوتاہی قابل قبول نہیں۔ امریکی صدر نے ایف بی آئی کو امریکی انتخابات پر روسی سازش کے حوالے سے بھی آڑے ہاتھ لیا۔ ان کا کہنا تھا ایف بی آئی نے زیادہ وقت ٹرمپ انتخابی مہم میں روسی سازش ثابت کرنے میں لگایا، ایف بی آئی بنیادی کاموں پر توجہ دے اورہمیں خود پر فخرکرنے کا موقع دے۔ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ روس، امریکہ میں اختلافات کے بیج بونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ ایک اور ٹویٹ میں کہا میں نے کبھی نہیں کہا الیکشن میں روس نے مداخلت نہیں کی۔ میں نے کہا ممکن ہے یہ روس‘ چین کوئی اور ملک یا گروپ یا 400 پائونڈ وزنی شخص جو بیڈ پر بیٹھا اور کمپیوٹر سے کھیلتا ہے وہ بھی ہوسکتا ہے۔