ٹنڈو محمد خان‘ کمسن بچی کے ساتھ زیادتی‘ زمیندار سمیت3افراد پر مقدمہ درج
ٹنڈو محمد خان(آئی این پی) بلڑی شاہ کریم پولیس نے مگسی فارم کی رہائشی کمسن بچی سے مبینہ زیادتی کے الزام میں مقامی زمیندار سمیت3 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔مدعیہ نے کہاکہ وہ گزشتہ روز اپنے گھر سے کچھ دور پانی بھرنے گئی تھی جبکہ اس کی 11 سالہ بیٹی اپنی کمسن بہن اور بھائی کے ہمراہ گھر میں تھی، جب وہ واپس آئی تو بچے رو رہے تھے اور بیٹی بے ہوش پڑی تھی جس نے ہوش میں آنے پر بتایا کہ ان کا زمیندار اقبال مگسی اپنے2 ساتھیوں کے ہمراہ گھر آیا۔ اس کے ساتھی گھر کے باہر کھڑے رہے جبکہ اقبال مگسی نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔پولیس نے ملزمان اقبال مگسی اور شیر مگسی سمیت3 افراد کے خلاف دفعہ 375 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم کوئی گرفتاری نہیں کی گئی۔ ایس ایچ او بلڑی شاہ کریم محمد خان زئی نور نے کہا کہ تاحال انہیں بچی کی میڈیکل رپورٹ نہیں ملی۔ ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔