آل کراچی کیپٹن عمر ہنگورا فٹبال ٹورنامنٹ
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) ینگ ہنگورا فٹبال کلب کے زیراہتمام کلری گرائونڈ آگرہ تاج میں جاری آل کراچی کیپٹن عمر ہنگورا فٹبال ٹورنامنٹ میں موسی لاشاری فٹبال کلب نے گذری اسٹار کو3-1 سے شکست دیدی۔فاتح ٹیم کی جانب سے شاکر لاشاری نے دوگول اسکور کئے۔موسی لاشاری کے یوتھ گول کیپر انزالہ نعیم نے شاندار گول کیپنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی یقینی گول بچائے اور ٹیم کی جیت میں نمایاں رول پلے کیا۔ پہلے ہاف کے آغاز میں ہی موسی لاشاری نے گذری اسٹار کے گول پر بھرپور حملے کئے۔ کھیل کے15 ویں منٹ میں شاکر لاشاری نے گول بناکر موسی لاشاری کو1-0 کی برتری دلوادی۔ ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد گذری اسٹار نے بھی موسی لاشاری کے گول پر حملے کئے لیکن ان کوگول برابر کرنے میںکامیابی نہیں مل سکی۔پہلے ہاف کے اختتام پر موسی لاشاری کی ٹیم1-0 سے جیت رہی تھی ۔ دوسرے ہاف کے شروع میں گذری اسٹارکے حاجی اعجاز نے46 ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔ مقابلہ ایک ایک گول سے برابر ہونے کے بعد موسی لاشاری نے جوابی حملے کئے اور48 ویں منٹ میں انٹرنیشنل اسٹرائیکر شاکر لاشاری نے دوسرا گول بناکر موسی لاشاری کی ٹیم میچ میں 2-1کی برتری دلوادی۔میچ کا تیسرا گول موسی لاشاری کی جانب سے عمر نے دوسرے ہاف کے 55ویں منٹ میں اسکور کرکے اپنی ٹیم کو3-1کی برتری دلوادی۔میچ میں موسی لاشاری کے یوتھ گول کیپر انزالہ نعیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے کئی یقینی گول بچائے۔ میچ کے ریفری شوکت گھوٹائی، ڈپٹی ریفری عباس،آصف ،میچ کمشنر اقبال اورمیڈیا کوآرڈینیٹرمحمد سلیم سما تھے۔