شیخوپورہ کے جلسے نے مخالفین کو مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل دیا
اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ )وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے پاکستان کی مستقبل کی سیاست کے رخ کا تعین کر لیا ہے ، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے کامیاب جلسوں اور ضمنی انتخابات میں تاریخ ساز کامیابی نے اس ا مر کو واضح کر دیا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ن ہی پاکستان کے عوام کی نمائندہ جماعت ہے جس سے پاکستان کا روشن مستقبل وابستہ ہے ، شیخوپورہ کے تاریخی جلسے نے مخالفین کو مزید مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے ۔ نواز شریف نے ملک کو ایٹمی صلاحیت سے نواز کر پاکستان کے دفاع کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ناقابل تسخیر بنا دیا ، آج بھارت پاکستان کے خلاف چھپ چھپ کر وار اور سازشیں تو کر سکتا ہے لیکن نواز شریف کے اس احسان کے باعث بھارت پاکستان کے خلاف براہ راست کسی اقدام سے ڈرتا ہے ، انہوں نے کہا کہ دفاعی لحاظ سے مضبوط پاکستان کے لیے ایک معاشی لحاظ سے مضبوط پاکستان ناگزیر ہے اور اسی امر کو بھاپنتے ہوئے نواز شریف نے پاکستان کو معاشی لحاظ سے بھی باقابل تسخیر بنانے کے لیے سی پیک جیسے عظیم و شان منصوبے کا آغاز کیا جس پر آج تیزی سے کام جاری ہے عمران خان جیسے سازشی سیاستدانوں کے لیے پورے پاکستان میں ایک عبرت ناک شکست منتظر ہے ۔