چودھری اسامہ تنویر کا صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کا اعلان
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ)ممتاز مسلم لیگی رہنما سینیٹر چودھری تنویر خان کے صاحبزادے چودھری اسامہ تنویر نے صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی قیادت نے مجھے پی پی 9یا پی پی 13جس حلقے سے ٹکٹ دیا الیکشن لڑوں گا اور اگر مجھے کہا گیا تو میں قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کے لئے بھی تیار ہیں۔میں جنون کے ساتھ سیاست میں حصہ لے رہا ہوں میرے دروازے کارکنوں اور غریب عوام کی خدمت کے لئے کھلے ہیں۔ وہ کنٹونمنٹ بورڈ چک لالہ کے وائس پریزیڈنٹ راجہ عرفان امتیاز راولپنڈی کینٹ کے سابق وائس پریزیڈنٹ راجہ جہانداد اور پی پی 9 کے ممبران کنٹونمنٹ بورڈ کے ہمراہ پی پی 9 کی 28زکواۃ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو نوٹیفکیشن دینے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے زکواۃ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو درپیش مسائل حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔