اضافی ذمہ داریاں‘ احتساب عدالت کے جج بشیر خان نے نئے جج کے تقر ر کی درخواست دیدی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) احتساب جج اسلام آباد محمد بشیر خان نے فیصلوں کیلئے مدت کے تعین اور اہم کیسز کے پیش نظر سیکرٹری قانون و انصاف کو احتساب عدالت ٹو کے جج تقررکرنے کی درخواست کردی، احتساب جج ٹوکی اضافی ذمہ داریاں بھی احتساب جج محمد بشیر خان ادا کررہے ہیں مجاز فورمز کو بھی اس بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے درخواست کی گئی ہے کہ کسی ایسے جج جس کے پاس کام کم ہو کو یہ اضافی ذمہ داریاں دی جائیں یا باقاعدہ طور پر احتساب عدالت ٹو کے جج کی تقرری کی جائے عدالت ون میں اہم کیسز کی سماعت کے پیش نظر اضافی ذمہ داریوں کے ساتھ انصاف نہیں ہوسکے گا۔گزشتہ ایک ماہ سے احتساب جج اسلام آباد محمد بشیر خان احتساب عدالت ٹو کے جج کی ذمہ داریاں بھی ادا کررہے ہیں جبکہ احتساب عدالت ون میں سابق وزیراعظم محمد نوازشریف ،مریم نوازشریف ،اسحاق ڈار ،کیپٹن صفدر کے خلاف کرپشن ریفرنسز سمیت اہم مقدمات کی سماعت ہورہی ہے اضافی ریفرنسز آنے پر عدالت کا کام بڑھ گیا ہے جبکہ مقدمات کے فیصلوں کیلئے مدت کا بھی تعین کیا گیا ہے ۔ جس کے پیش نظر احتساب جج ون اسلام آباد محمد بشیر خان نے احتساب عدالت ٹو کے جج کی تقرری کی تحریری درخواست کردی ہے ۔ ذرائع کے مطابق خط گزشتہ روز سیکرٹری قانون و انصاف کو ارسال کیا گیا عدالت عظمیٰ اور عدالت عالیہ اسلام آباد کو بھی کاپیاں ارسال کی گئی ہیں۔