وزیراعظم آزاد کشمیر کا کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کی سرکاری تدفین کا اعلان
مظفر آباد(اے این این ) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کنٹرول لائن پر بھارت کی فائرنگ اور گولہ باری سے شہید ہونے والے افراد کو آئندہ سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق راجہ فاروق حیدر کی جانب سے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری سے شہید ہونے والے سول شہریوں کو آئندہ سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے اور ان کی تدفین کے اخراجات سرکاری طور پر اٹھائے جائیں ۔ فاروق حید ر نے بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کو بھی ہر ممکن طبعی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔انھوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی بھارت کی جانب سے خلاف ورزی کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھایا جائے اور دنیا کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا جائے ۔ انھوں نے کہا کہ بھارت سکولوں اور ہسپتالوں کو بھی نشانہ بنا رہا ہے جو عالمی کنونشن کی خلاف ورزی ہے ۔اس معاملے سے دنیا کو آگاہ کیا جائے۔