خان صاحب ہمیشہ اچھا کام بھی برے طریقے سے شروع کرتے ہیں، کسی کی قسمت میں تیسری بار وزارت عظمیٰ کسی کی شیروانی‘ طلال : نکاح چھپانے کی کیا ضرورت تھی‘ چانڈیو
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے عمران خان کو تیسری شادی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب ہمیشہ اچھا کام بھی برے طریقے سے شروع کرتے ہیں۔ اللہ کرے یہ شادی کامیاب رہے۔ شادی میں چھپانے والی کیا چیز ہے، سمجھنے والی بات یہ ہے کہ کس عمر میں کونسا کام کرنا چاہئے۔ کسی کی قسمت میں تیسری بار وزارت عظمیٰ اور کسی کی قسمت میں تیسری بار شیروانی ہے۔ عمران خان کی قسمت میں وزارت عظمیٰ نہیں۔ نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے۔ عمران کسی کا گھر توڑ کر اپنا گھر بساتے ہیں۔پیپلزپارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو نے عمران خان کو تیسری شادی پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تو عمران خان بچپن سے پسند ہیں۔ میری دعا ہے اللہ تعالیٰ انکی شادی کامیاب کرے۔ تحریک انصاف کے کارکن بھی کپتان کی کامیابی شادی کیلئے دعا کریں۔ عمران خان دوسری شادی ریحام سے ہونے کو بھی چھپاتے رہے۔ عمران کو نکاح چھپانے کی کیا ضرورت تھی۔ عمران خان قومی لیڈر ہیں‘ دنیا ان کو دیکھنا چاہتی ہے۔ قیادت کے عمران خان کی ذاتی زندگی پر بات کرنے سے منع کیا ہے۔ عمران سے گزارش ہے کہ اب سیاسی طور پر بالغ ہو جائیں۔