ایرانی طیارہ اصفہان کے قریب گر کر تباہ، عملے کے 6 ارکان سمیت 66 مسافر جاں بحق
تہران‘لاہور‘ اسلام آباد (ایجنسیاں+خصوصی رپورٹر) ایرانی مسافر طیارہ اصفہان کے قریب گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 66 افراد جاں بحق ہوگئے۔طیارہ مسافروں کو تہران سے لے کر یسوج جا رہا تھا کہ پرواز کے کچھ دیر بعد اس کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ طیارہ اصفہان کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 60 مسافر اور عملے کے 6 ارکان شامل تھے۔ ایرانی حکام نے بھی طیارہ تباہ ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ خراب موسم کے باعث امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ پر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سرچ آپریشن آج تک ملتوی کر دیا گیا۔ مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بجے مسافر طیارہ رڈار سے غائب ہوگیا تھا۔ مسافر طیارے کا رخ تہران سے جنوب مغربی شہر کی جانب تھا۔ ایرانی صدر نے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ خامنہ ای‘ حسن روحانی، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ‘ اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو نے اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ایران میں مسافر طیارہ گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ایک بیان میں ایرانی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مشکل کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔