منہاج المسلم
بعض کتابیں اپنی اہمیت کے اعتبار سے نہایت مفید ہوتی ہیں۔ انہیں بار بار پڑھنے سے بھی دل سیر نہیں ہوتا۔ ان کے مطالعے سے ذہن کو بالیدگی اور روح کو تازگی ملتی ہے اور بھلائی کے امکانات کی ایک وسیع دنیا سامنے آتی ہے۔ منہاج المسلم ایسی ہی عظیم کتابوں میں سے ایک ممتاز کتاب ہے جس میں کتاب و سنت کی روشنی میں تمام شعبہ ہائے زندگی کے بارے میں دلوں میں اتر جانے والے بیش بہا اسباق چمک رہے ہیں۔ زبان سادہ‘ آسان‘ عام فہم ہے۔ عقائد ہوں یا عبادات کا بیان اخلاقیات کے مختلف پہلو ہوں یا اسلامی آداب و حقوق کا تذکرہ‘ احکام جارت ہوں یا معاشری معاملات‘ وراثت کے مسائل ہوں یا عائلی قوانین‘ قصاص و دیت کے اصول ہوں یا قضاء کے مسائل سبھی پر سیر حاصل بحث کی گئی ہے۔ بلاشبہ یہ کتاب دین حنیف کی تعلیمات کا ایک عظیم الشان انسائیکلوپیڈیا ہے۔اسلام نے ہمیں توحید‘ تہذیب نفس‘ کردار کی بلندی اور بصیرت کے جتنے سبق سکھائے تھے وہ سارے سبق ہم نے یکسر فراموش کر دیئے۔ ان اسباق کی باز خوانی اشد ضروری ہے۔ کتاب و سنت کی اشاعت کا عالمی ادارہ دارالسلام اس مقدس مقصد کے لئے جدید پیمانے پر قرآن و سنت کی تعلیمات پر مبنی نہایت خوبصورت لٹریچر پیش کر رہا ہے۔ زیرتبصرہ کتاب منہاج المسلم اسی سلسلے کی نہایت مستند اور مفصل پیشکش ہے۔ اس میں خیابان اسلام کے وہ تمام گلاب و لالہ یکجا کر دیئے گئے ہیں جن کی جاں فزا مہک سے سرشار ہو کر سفر مستقیم آسان ہی نہیں دلکش اور فرحت بخش بھی بن جاتا ہے۔ اس کتاب کے مولف سعودی عرب کے نامور عالم دین فضیلہ الشیخ ابوبکر جابر الجزائری ہیں جبکہ شیخ الحدیث مولانا محمد رفیق الاثری نے اسے عربی زبان سے اردو کے قالب میں ڈھالا۔کتاب منہاج المسلم کا زیرنظر ایڈیشن اپنے ظواہر کے اعتبار سے ہی نہیں معنوی لحاظ سے بھی پچھلے ایڈیشنوں کے مقابلے میں کئی درجہ زیادہ خوبصورت‘ جاذب توجہ اور فیض رساں شکل اختیار کر گیا ہے۔ قیمت درج نہیں۔ دارلسلام 36 لوئر مال سیکرٹریٹ سٹاپ لاہور سے دستیاب ہے۔(تبصرہ: محمد شریف کیانی)