تبدیلی دھرنے نہیں خدمت سے آتی ہے، نواز شریف دلوں میں گھر کر چکے: احسن اقبال
نارووال (نامہ نگار) وزیر داخلہ احسن اقبال نے سراج سے پکھوکے۔کوٹ لکھا سنگھ اور ڈومالہ کو لنک کرنے والی سڑکوں کے افتتاح کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ ن نے اپنے دور حکومت میں ملک میں ترقیاقی کاموں کے جال بچھا کر ملک کا نقشہ بدل دیا ہے۔ 2013 میں پوری دنیا پاکستان کو خطرناک ملک قرار دے رہی تھی اور کوئی بھی 10روپے لگانے کو تیار نہیں تھا لیکن آج میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے عوام کی خدمت کی بدولت چین کے ذریعے اربوں روپے کی سرمایہ کاری آرہی ہے، سی پیک منصوبے سے ملک ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہے اور انشاء اللہ ہم پاکستان کو دنیا کا ٹائیگر بنائیں گے کیونکہ پوری دنیا کے سرمایہ کار آج پاکستان میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں جس سے ملک کی معیشت مضبوط ہو رہی ہے، اس کو تبدیلی کہتے ہیں، تبدیلی دھرنے دینے سے نہیں عوام کی خدمت کرنے سے آتی ہے اور مسلم لیگ ن نے عوام کی خدمت کی ہے جس کی بدولت نواز شریف عوام کے دلوں میں گھر کر چکے ہیں جس کا واضح ثبوت لودھراں کا الیکشن ہے۔ تحریک انصاف لودھراں کو اپنا قلعہ سمجھتی تھی لیکن انکا یہ قلعہ ریت کی دیوار ثابت ہوا کیونکہ عوام اب سمجھ گئے ہیں نعرے کون لگاتا ہے اور عوام کی خدمت کون کرتا ہے۔ انہوں نے کہا ہم سے پہلے 14سال آنے والی حکومتوں نے پاکستان کیلئے کیا کیا؟ ہماری حکومت نے ملک سے دہشت گردی کی کمر توڑی، جہاں 20گھنٹے بجلی نہیں آتی تھی اب وہاں 22سے 24گھنٹے بجلی آتی ہے یہ صرف اور صرف دن رات کام کرنے کا نتیجہ ہے انہوں نے کہا 2013کے الیکشن میں ان کا مقابلہ ایک گلوکار کے ساتھ تھا اور میں نے عوام سے کہا تھا وہ تعلیم کو ووٹ دیں گے تو ان کے بچوں کا مستقبل محفوظ ہوگا اور آج ضلع نارووال کو تعلیم باٹنے والا ضلع بنا دیا ہے جہاں پر یونیورسٹیاں قائم کر دی گئی ہیں، پچھلے سال نارووال ضلع پورے پنجاب میں مڈل اور پرائمری کے امتحانات میں پہلے نمبر پر آیا تھا اور یونیورسٹی آف گجرات کمپیس نارووال کو یونیورسٹی آف نارووال منظور ہوگئی ہے انہوں نے کہا سیاست اگلا الیکشن جیتنے کا نام نہیں بلکہ اگلی نسل کیلئے ہوتا ہے ہم نے ان کو کیا دے کر جانا ہے، صوبائی پارلمانی سیکرٹری خواجہ محمد وسیم بٹ اور کرنل(ر) شجاعت احمد خان نے کہا مخالفین اپنی تقریروں میں صرف غلط زبان استعمال کرتے ہیں۔ وزیر داخلہ کے ہمراہ ضلعی چیئرمین احمد اقبال، چیئرمین بلدیہ پیر سید اظہر الحسن گیلانی بھی موجود تھے وزیر داخلہ جب پنڈال میں داخل ہوئے تو مسلم لیگ ن کے ووٹرز نے گھوڑوں کے ڈانس اور پھولوں کی پتیاں نچاور کرتے ہوئے میاں تیرے جان نثار بے شمار بے شمار، دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا کے نعرے لگا رہے تھے۔