تھرپارکر: پانچویں جماعت کے 4 طلبا کی شادیوں کا انکشاف، انتظامیہ بے خبر
مٹھی (آئی این پی) تھرپارکر میں کم عمر بچوں کی شادیاں معمول، مٹھی کے پرائمری سکول میں پانچویں جماعت کے4 بچوں کی شادی کرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ تھرپارکر کے ضلعی ہیڈکوارٹر مٹھی کی پاڑہا کالونی سکول میں 3 ماہ کے دوران 4 بچوں کی کم عمری میں شادیاں کرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس کی بچوں اور سکول انتظامیہ نے بھی تصدیق کر دی ہے۔ سکول میں زیر تعلیم پانچویں جماعت کے طالب علم 12 سالہ کرن ولد محبتو گواریو، 12 سالہ پریم ولد بھیموں کولہی، 13 سالہ روی ولد بھورو گواریو اور 16 سالہ غلام قادر لنجو کی شادیاں والدین نے کرادی ہیں۔ طلبہ اور سکول انتظامیہ نے تصدیق کی کہ اس قانون کے حوالے سے ہمیں کوئی علم نہیں۔ اپنے علاقے کی رسوم کے تحت انہوں نے شادیاں کردی ہیں۔ کم عمری کی شادی پر سندھ میں پابندی ہے خلاف ورزی کرنے والے والدین پر مقدمہ درج ہوتا ہے۔3 سال سزا بھی مقرر ہے اور جرمانہ بھی لگایا جاسکتا ہے۔ شادی کے لیے لڑکا اور لڑکی کی عمر 18 سال ہونا لازمی ہے۔ تھرپارکر میں اس قانون کی خلاف ورزی کا انتظامیہ نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔ تھرپارکر میں بچوں کی اموات کوکم عمری کی شادی کا سبب قرار دینے والے منتخب نمائندوں اور انتظامیہ نے اس خلاف ورزی کا کبھی نوٹس نہیں لیا۔ یاد رہے کہ 6 روز قبل کم عمر لڑکی کی شادی کو عدالتی حکم پر روک کر باپ اور شادی کرنے والے کو جیل بھیج دیا گیا تھا۔