پیپلز پارٹی نے سینٹ کی 10نشستیں حاصل کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی
کراچی (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی نے 2 مارچ کو سینٹ کے انتخابات میں 10 نشستوں کے حصول کیلئے حکمت عملی تیار کرنے کے علاوہ ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی سے بھی رابطے کرلئے لیکن ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے بہادرآباد جانے اور بہادر آباد گروپ کے چاروں امیدواروں کو ووٹ دینے کا اعلان کرکے پیپلز پارٹی کی نیندیں اُڑا دیں۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کا مقابلہ کرنے کیلئے مسلم لیگ (ن)‘ فنکشنل لیگ‘ ایم کیو ایم کے درمیان رابطے قائم ہیں۔ سینٹ الیکشن کیلئے تین جماعتی اتحاد قائم ہونے کے بعد پیپلز پارٹی 7 سے زائد نشستیں حاصل نہیں کرسکے گی اور اپوزیشن 5 نشستیں حاصل کرلے گی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ایم کیو ایم دھڑوں کے درمیان اتحاد کے امکانات موجود ہیں۔ اتحاد نہ ہونے کی صورت میں دونوں دھڑے سینٹ کی نشستیں ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی ہارس ٹریڈنگ کیلئے کوشاں ہے۔ سیاسی حلقوں نے کہا سینٹ الیکشن میں زیادہ نشستوں کا حصول آصف زرداری کا بلوچستان کے بعد دوسرا امتحان ہے جس میں کامیابی آسان نہیں۔