لودھراں کے عوام پوچھتے ہیں حکومت کی طرف سے ضمنی الیکشن میں اعلان کردہ اڑھائی ارب کا پیکیج کہاں ہے: جہانگیر ترین
لاہور ( سپیشل رپورٹر) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ عمران خان کی کرپشن کیخلاف انتھک جدوجہد سے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ لودھراں کے عوام حکمرانوں سے سوال کر رہے ہیں کہ 2015ء کے ضمنی انتخاب کے موقع پر اعلان کردہ اڑھائی ارب کاپیکیج کہاں ہے ؟ ان خیالات کا اظہار انہوںنے تحریک انصاف وسطی پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ اور ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں سے سبق سیکھا ہے اور آئندہ عام انتخابات میں سیاسی مخالفین کیلئے میدان خالی چھوڑنے کی بجائے ڈٹ کر مقابلہ کیا جائیگا۔